ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / تملناڈو کو کاویری سے پانی فراہم کئے جانے پر کمار سوامی برہم

تملناڈو کو کاویری سے پانی فراہم کئے جانے پر کمار سوامی برہم

Tue, 04 Jul 2017 11:37:11    S.O. News Service

بنگلورو،3؍ جولائی(ایس او نیوز) سابق وزیر اعلیٰ کمار سوامی نے دریائے کاویری سے تملناڈو کو پانی کی فراہمی کے معاملے میں وزیر اعلیٰ سدرامیا کے موقف پر سخت نکتہ چینی کی۔ آج جنتادل (ایس) دفتر میں پارٹی کارکنوں اور بوتھ کمیٹی ممبران کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سدرامیا کو چاہئے کہ سب سے پہلے دریائے کاویری کے پانی سے سوکھے تالابوں کو بھرتی کرنے کی طرف توجہ دیں، لیکن ایسا کرنے کی بجائے دریائے کاویری کے پانی کی فراہمی میں وہ غیر ضروری عجلت کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ کی طرف سے تملناڈو کو پانی فراہم کرنے کا فیصلہ درست نہیں ہے، فوری طور پر انہیں پانی کی فراہمی کا سلسلہ روک دینا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ کے آر ایس ، ہارنگی ، کبنی اور ہیماوتی آبی ذخائر میں پچھلے چند دنوں سے مسلسل پانی کی فراہمی کے سبب پانی کا جو تھوڑا بہت ذخیرہ ہو پایا تھا وہ بھی ختم ہوتا نظر آرہا ہے۔ تملناڈو کو پانی فراہم کرنے کی بجائے وزیر اعلیٰ سدرامیا کو چاہئے کہ سوکھے تالابوں کو بھرنے پر توجہ دیں اور اس پانی کا وہاں پر استعمال کیا جائے۔ پچھلے چار سال سے ریاست سنگین خشک سالی سے بدحال ہے۔ پانی کی قلت کے سبب کسان سڑکوں پر اتر کر احتجاج کررہے ہیں ، لیکن اس کی پرواہ کئے بغیر ریاستی حکومت تملناڈو کو پانی فراہم کرنے کیلئے محض اس لئے آمادہ ہوگئی ہے کہ اسے خوف ہے کہ تملناڈو حکومت دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع ہوکر کرناٹک کے خلاف احکامات حاصل کرسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ جلد ہی وہ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سدرامیا اور وزیر آبپاشی ایم بی پاٹل کو ایک مکتوب روانہ کریں گے۔ گزشتہ سال ریاست بھر میں سنگین خشک سالی کے سبب ریاستی حکومت نے کسانوں کو پچیس ہزار روپیوں تک کا معاوضہ دینے کا اعلان کیا تھا، لیکن اب تک معاوضہ کی رقم نہیں مل پائی ہے۔انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کسانوں کے مفادات سے اس طرح کا کھلواڑ ترک کردے۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کی طرف سے کسانوں کے قرضے معاف کرنے کیلئے اقدامات کے باوجود کسانوں کی خود کشیوں کا سلسلہ اب بھی برقرار ہے۔


Share: